صوبہ پنجاب کا شہر لاہور آج بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔
عالمی ویب سائٹ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور شہر کی فضا آج انتہائی خطرناک حد تک مضرِ صحت ہے، لاہور کی فضا میں آلودگی 398 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ گئی ہے۔
شہرِ قائد کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے جس کی فضا میں آلودگی 237 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دوسرے نمبر پر ہے جبکہ اس کی فضا میں آلودگی 318 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ آج صبح سویرے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دہلی کا پہلا، لاہور کا دوسرا جبکہ کراچی کا تیسرا نمبر تھا۔
پنجاب: آج کا ایئرکوالٹی انڈیکس
محکمۂ تحفظ ماحول پنجاب کی جانب سے آج کا ایئر کوالٹی انڈیکس جاری کیا گیا ہے۔
لاہور کے علاقے ٹاؤن ہال کی فضا میں آلودگی 249 جبکہ کوٹ لکھپت میں 247 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
پنجاب یونیورسٹی لاہور کالج آف ارتھ اینڈ انوائر مینٹل سائنسز کی فضا میں آلودگی 206 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسی طرح شالے ویلی رینج روڈ راولپنڈی کی فضا میں آلودگی 165 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
لاہور کے علاقے شاہین ویلز فیز ٹو، لاہور فیصل آباد بائی پاس روڈ اور شیخوپورہ کی فضا میں آلودگی 176ریکارڈ کی گئی ہے۔
عالمی ویب سائٹ کے مطابق 151 سے200 درجےتک آلودگی مضر صحت قرار دی جاتی ہے،201 سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضر صحت جبکہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔