لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کہا ہے کہ پانی ضائع کرنے والے گھریلو صارفین پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے۔
اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے پانی کا بے دریغ استعمال کرنے والے کمرشل صارفین کو 20 ہزار روپے جرمانہ کرنے کی ہدایت کر دی۔
ایل ڈی اے کے ممبر نے عدالت کو بتایا کہ رات 10 بجے کے بعد عدالتی حکم پر جوہر ٹاؤن میں 36 کیفے سیل کیے گئے، کیفے مالکان نے ہائی کورٹ سے ہی ڈی سیل کرانے کا حکم لیا۔
جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ آئندہ سماعت پر کیفے ڈی سیل کرنے کا تحریری حکم پیش کیا جائے ۔
جسٹس شاہد کریم نے سرکاری وکیل سے سوال کیا کہ مصنوعی بارش کا کیا بنا؟ کب برسا رہے ہیں؟
سرکاری وکیل نے کہا کہ پلاننگ وغیرہ جاری ہے۔
جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ میں عوام کا پیسا خرچ کرنے کی اجازت نہیں دوں گا، آپ اسموگ کے تدراک کے لیے اقدامات کر لیں، بہت ہے، اس شہر کو پتہ نہیں کیا بنانا چاہتے ہیں، اسموگ کے سیزن میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔
کمشنر لاہور وکیل نے کہا کہ ہم نے رات کے وقت ترقیاتی منصوبوں پر کام کرانے کا نوٹیفکیشن جاری کر رکھا ہے۔
عدالت نے اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر کارروائی 8 دسمبر تک ملتوی کر دی۔