• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نسیم شاہ کے ایک اور بھائی عبید شاہ بھی پاکستان کی نمائندگی کرنے کے خواہشمند

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

قومی کرکٹر نسیم شاہ کے چھوٹے بھائی عبید شاہ کا کہنا ہے کہ خواہش ہے کہ تینوں بھائی پاکستان کی نمائندگی کریں۔ 

انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی فاسٹ بولنگ سے دھوم مچانے والے نسیم شاہ کے دو بھائی بھی پاکستان کی نمائندگی کے لیے تیار ہیں۔

چھوٹے  بھائی حنین شاہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں دھوم مچا رہے ہیں جبکہ انڈر۔19 ٹیم میں شامل عبید شاہ کہتے ہیں کہ بھائی سے بہت کچھ سیکھا ہے خواہش ہے تینوں بھائی انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں۔

کراچی میں جیو نیوز سے گفتگو میں 16 سالہ عبید شاہ نے کہا کہ انہوں نے کرکٹ تو نسیم شاہ کے ساتھ ہی شروع کی تھی اور اب خواہش ہے کہ اپنے بڑے بھائی کی طرح پاکستان کی نمائندگی کریں۔ 

عبید شاہ پاکستان انڈر۔19 ٹیم کا حصہ ہے اور وہ اس وقت اے سی سی انڈر۔19 ایشیا کپ میں پاکستان کی نمائندگے کےلیے کراچی میں بھرپور ٹریننگ کر رہے ہیں۔ 

عبیید کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ہر میچ سے قبل اپنے بھائی کی ویڈیوز دیکھتے ہیں اور میچز سے قبل کنڈیشن کے بارے میں ان سے مشورہ بھی کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انڈر۔19 ایشیا کپ سے قبل بھی وہ نسیم سے مشورہ کریں گے کہ یو اے ای میں کیسے بولنگ  کرنا ہے۔

نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ وہ کنڈیشنز کے حساب سے بولنگ کرنا جانتے ہیں، نئے گیند سے اٹیک بھی کرسکتے ہیں جبکہ پرانے گیند سے بھی مستفید ہونے کا ہنر آتا ہے۔

ایک سوال پر عبید شاہ کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ تینوں بھائی پاکستان کی نمائندگی کریں اور محمد برادرز، الہٰی برادرز اور اکمل برادرز کی طرح اپنا نام بھی ریکارڈز بک میں درج کروائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کیریئر کے آغاز میں نسیم نے انہیں انجری سے بچنے کےلیے بولنگ ایکشن درست کرنے کا مشورہ دیا جس پر انہوں نے عمل کیا۔

انڈر۔19 ایشیا کپ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ اس ایونٹ میں اپنا بہتر کھیل پیش کریں اور پاکستان کو سرخرو کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ 

کھیلوں کی خبریں سے مزید