• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھٹو پھانسی ریفرنس کی سپریم کورٹ میں سماعت، شیری رحمٰن کا خیر مقدم

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمٰن نے سپریم کورٹ میں بھٹو پھانسی ریفرنس کی سماعت پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو قتل ریفرنس پر سماعت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، یہ خوش آئند ہے کہ سپریم کورٹ کا 9 رکنی لارجر بینچ 12 دسمبر سے سماعت کرے گا۔

سینیٹرشیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے 2011ء میں ذوالفقار بھٹو کے قتل کا ریفرنس دائر کیا تھا، ہم 2011ء سے اعلیٰ عدالت سے ریفرنس پر باقاعدہ سماعت کی درخواست کر رہے ہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو کا خاندان اور پیپلز پارٹی 46 برسوں سے انصاف کے منتظر ہیں، قائد عوام کی پھانسی ہمارے عدالتی نظام پر سیاہ اور بدنما داغ ہے جو کبھی مٹ نہیں سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جسٹس نسیم شاہ نے تسلیم کیا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کا فیصلہ جانب دارانہ تھا، پوری دنیا جانتی ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو کس بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا، ان سے اپنی صفائی پیش کرنے اور اپیل کا حق تک چھینا گیا۔

سینیٹرشیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ امید ہے سپریم کورٹ عالمی لیڈر کے قتل سے متعلق ریفرنس میں انصاف کرے گی۔

قومی خبریں سے مزید