• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کے ہوتے ہوئے مجھے ٹکٹ مانگنے کی ضرورت نہیں، طلال چوہدری

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ہوتے ہوئے مجھے ٹکٹ مانگنے کی ضرورت ہی نہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران طلال چوہدری نے کہا کہ جڑانوالہ سے قومی اسمبلی کی نشست کا امیدوار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنے ساتھیوں اور وفاداروں کو ساتھ لے کر چلتے ہیں، مجھے پارٹی قائد کے ہوتے ہوئے ٹکٹ مانگنے کی ضرورت ہی نہیں۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ہر پارٹی ہم سے الحاق یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنا چاہ رہی ہے، مخالفین کو نواز شریف کی جیت نظر آرہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی باتیں قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں، پنجاب کی 95 فیصد نشستوں پراس کی گنجائش ہی نہیں۔

طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ مخالفین کو نظر آرہا ہے کہ ن لیگ پنجاب میں کلین سوئپ کرے گی، ہر پارٹی کی خواہش ہے کہ ن لیگ کے ساتھ مل کر الیکشن لڑے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کی خواہش پر کوئی پابندی نہیں، ہم تلخیوں کو بڑھانا نہیں چاہتے، ثاقب نثار نے ملک کے ساتھ ظلم کیا۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہم احتساب کے بیانیے کو سامنے رکھ کر عام آدمی کی ضرورت سے بھاگنا نہیں چاہتے۔

اُن کا کہنا تھا کہ احتساب کے بغیر ریاست چل ہی نہیں سکتی، ادارے خود سے اپنے لوگوں کا احتساب کریں، ہم اداروں کے کبھی خلاف نہیں، ہم اداروں کے ساتھ مل کر چلنا چاہتے ہیں۔

طلال چوہدری نے کہا کہ ملک کی معیشت آج بھی برے حال میں ہے، عام آدمی بھی مشکل میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ الیکشن میں کیا جہانگیر ترین کا جہاز نہیں چلا؟ یہ بات وہ خود بھی تسلیم کرتے ہیں، پوچھتا ہوں کہ علیم خان اور جہانگیر ترین کیا خود تسلیم نہیں کرتے؟

قومی خبریں سے مزید