• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجھ پر بانیٔ پی ٹی آئی نے دہشتگردی کا مقدمہ بنایا: مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب---- فائل فوٹو
مریم اورنگزیب---- فائل فوٹو

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مجھ پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے دہشت گردی کا مقدمہ بنایا۔

لاہور میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پر یہ دہشت گردی کے مقدمے بناتے رہے اور خود 9 مئی کو ریاست پر حملہ کیا، دوسروں پر دہشت گردی کے مقدمے بنانے والے خود 9 مئی کے مجرم ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ خود یہ خزانے پر 60 ارب روپے کا ڈاکا ڈال کر چلے گئے اور پوچھتے ہیں کہ بجلی کیسے مہنگی ہوئی؟ انہوں نے قومی خزانے پر ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا ڈالا۔

مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ انہوں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا اور دوست ممالک کو ناراض کیا، 190 ملین پاؤنڈ قومی خزانے میں آنے تھے، عدالت کے اکاؤنٹ میں نہیں، ان کی اہلیہ ہیرے جواہرات بٹورتی رہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی 9 مئی کے واقعات کے ماسٹر مائنڈ تھے، پی ٹی آئی کو آج بھی فارن فنڈنگ آ رہی ہے جبکہ عوام کو بیروزگاری کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ کہتے ہیں کہ نواز شریف نے 9 مئی کا واقعہ کروایا، کیا نواز شریف پی ٹی آئی کے قائدین اور کارکنوں کو ہدایات دیتے تھے؟

ن لیگی رہنما نے مزید کہا ہے کہ نواز شریف 3 بار وزیرِ اعظم رہے ان پر کرپشن کا الزام تک نہیں لگا سکے، انہیں اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر سزا سنائی گئی، عوام 8 فروری کو نواز شریف کو پھر وزیرِ اعظم بنائیں گے۔

مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوام پریشان نہ ہوں ملک ایک بار پھر ترقی کی منازل طے کرے گا، مسلم لیگ ن نے اپنی سیاسی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں جبکہ باقی جماعتیں آپ کو الیکشن کا رونا روتی نظر آئیں گی۔

قومی خبریں سے مزید