طیارے کے سفر کے دوران ایک مسافر اپنے ساتھ پیراشوٹ لے آیا جو سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر کیگن بروکس نامی ٹک ٹاکر کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں اس کے شوہر کو طیارے میں پیراشوٹ کےہمراہ سفر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کیگن بروکس کے شوہر طیارے میں غیر معمولی انداز میں کیموفلاج پیٹرن والے پیراشوٹ کے ساتھ سوار ہوئے تاہم کسی بھی ساتھی مسافر نے انہیں دیکھ کر کوئی ردِعمل ظاہر نہیں کیا۔
جیسے ہی مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بنی تو مختصر وقت میں 1.6 ملین صارفین کی توجہ حاصل کر کے وجۂ بحث بن گئی۔
بعض صارفین نے ان کے اقدام کو ’اسمارٹ‘ کہا تو کسی نے اس خیال کو اچھا اقدام کہتے ہوئے سراہا جبکہ کئی صارفین نے تشویش و خدشات کا اظہار بھی کیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ کوئی کمرشل فلائٹ میں پیراشوٹ کیسے لا سکتا ہے؟
ایک اور صارفین کے مطابق یہ سفری پابندیوں کی خلاف ورزی ہے اور کسی نے انہیں روکا کیوں نہیں؟ جس پر دوسرے صارف نے بتایا کہ یہ ٹی ایس اے کے اصولوں کے مطابق ہے، مسافر اپنے ہمراہ پیراشوٹ لا سکتے ہیں لیکن انہیں دیگر سامان سے الگ پیک کرنا اور ایسی صورت میں مقررہ وقت سے 30 منٹ قبل ایئر پورٹ پہنچنا لازمی ہے۔
بعد ازاں مذکورہ ٹک ٹاکر نے ایک اور ویڈیو شیئر کر کے صارفین کو وضاحت دی کہ وہ پیراشوٹ ناگہانی حادثے سے بچنے کے لیے نہیں بلکہ سیاحتی سفر کے دوران مہم جوئی کے لیے ہمراہ لے کر گئے۔
ٹک ٹاکر نے وضاحتی ویڈیو میں یہ بھی بتایا ہے کہ سابقہ ویڈیو میں انہوں نے حادثے کا ذکر یوں ہی کیا تھا۔