• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری پھر صدرِ پاکستان ہونگے: فیصل کریم کنڈی

فیصل کریم کنڈی---فائل فوٹو
فیصل کریم کنڈی---فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے وزیرِ اعظم کے امیدوار ہیں، آصف علی زرداری صدرِ پاکستان ہوں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خود کو ملک کی بڑی پارٹی کہلوانے والی جماعت الیکشن سے کیوں بھاگ رہی ہے؟ اگر کوئی پارٹی اتنی بڑی ہے تو پھر الیکشن میں 2 ماہ کی تاخیر کی بات کیوں کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ موازنہ کریں نواز شریف کے لاہور کے جلسے کا اور چیئرمین پیپلز پارٹی کے مٹھی میں جلسے کا، آپ خود موازنہ کریں مریم نواز کے گجرات میں جلسے کا اور گجرانوالہ میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن کا، آپ کو پتہ چلے گا کہ عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں، ہم 8 فروری کو الیکشن کے حوالے سے بھرپور تیار ہیں۔

پیپلز پارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جنگوں میں بھی الیکشن ہوتے ہیں، ہر الیکشن میں حالات کوئی اچھے نہیں رہے لیکن الیکشن ہوئے، الیکشن 8 فروری سے آگے نہیں جانا چاہئیں، پیپلز پارٹی نے الیکشن میں سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی لگانے کے حوالے سے بات کو مسترد کر دیا، اگر سوشل میڈیا پر پابندی لگائی گئی تو فریڈم آف ایکسپریشن کے خلاف ہو گا، عوام کو رائے دہی کا پورا حق حاصل ہے اور وہ اپنے جذبات کا اظہار کر سکتے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ڈی آئی خان میں دہشت گردی کی پُرزور مذمت کرتی ہے، ان دہشت گردوں کو ملک میں دوبارہ کس نے آباد کیا اور ان کو کون لایا؟ دہشت گردوں کو کس کے کہنے پر کھلے عام چھوڑ دیا گیا؟ دہشت گردی کے واقعات روزانہ کی بنیاد پر شروع ہو گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرنے کی بات کرتی رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری ملک بھر میں ورکرز کنونشن کر رہے ہیں، انہوں نے گزشتہ روز پشاور میں ویمن ورکر کنونشن سے خطاب کیا۔

فیصل کریم کنڈی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پچھلے دنوں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کا کیس سنا گیا، ہم سمجھتے ہیں کہ شہید بھٹو کو انصاف ملنا چاہیے، انہں شہید کرنے میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے، چاہے وہ بیوروکریٹ ہوں ججز ہوں یا وکلاء، ان کو سزا ملنی چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید