• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یو ایس اوپن کرکٹ: عامر اور شرجیل جیسے اسٹارز سے سجی ٹیم شکست کھاگئی

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستانی کرکٹ اسٹارز محمد عامر اور شرجیل خان سے سجی کنگز مین کو یو ایس اوپن کرکٹ ٹورنامنٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ یو ایم ایم سی نائٹ رائیڈرز نے 14 رنز سے شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

فلوریڈا میں جاری یو ایس اوپن کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستانی اسٹارز سے سجی کنگز مین کو کوالیفائر میں شکست ہوگئی۔

انہیں یو ایم ایم سی نائٹ رائیڈرز نے 14 رنز سے شکست دے کر فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔ 

کنگز مین ٹیم میں ٹیسٹ کرکٹر محمد عامر، شرجیل خان، کپتان حماد اعظم، رمیز راجہ جونیئر، سعد علی، حسان خان اور وقاص مقصود جیسے پاکستانی اسٹارز شامل تھے جبکہ نائٹ رائیڈرز میں سابق پاکستانی فیلڈنگ کوچ جولین فونٹین، ڈومسٹک کرکٹر نعمان انور اور محمد محسن نمایاں کھلاڑیوں میں شامل تھے۔

یو ایم ایم سی نائٹ رائیڈرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 120 رنز بنائے، نعمان انور نے 26 رنز کی انگز کھیلی، کنگز مین کی جانب سے حماد اعظم نے دو، محمد عامر اور حسان خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کیں۔

جواب میں کنگز مین کے اوپنر شرجیل خان نے 52 رنز کی انگز کھیلی مگر وہ اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے میں ناکام رہے۔ رمیز راجہ جونیئر نے 26 رنز اسکور کیے۔

یو ایس اوپن کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید