سپریم کورٹ نے ایئرپورٹس پر ججز اور بیگمات کی جسمانی تلاشی سے متعلق خط پر وضاحت جاری کی ہے۔
سپریم کورٹ نے صورتحال واضح کرنے کے لیے21 ستمبر کو وزارت ایوی ایشن کو بھیجا گیا خط بھی جاری کر دیا۔
سپریم کورٹ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تعجب ہے 66 دن پرانا خط چیف جسٹس پاکستان اور اہلیہ کے ترکیہ جانے پر سامنےآیا، مسز سرینا عیسیٰ نے 16 دسمبر کو بیرون ملک روانگی سے قبل خود جسمانی تلاشی کروائی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ مسز عیسیٰ کی جسمانی تلاشی کی ویڈیو ریکارڈنگ شواہد میں سے ہیں کہ استثنیٰ مانگا نہ دیا گیا۔
سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس کو وی آئی پی لاؤنج کے استعمال کی آفر ہوئی لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔ چیف جسٹس نے طیارے تک لگژری لیموزین کے استعمال سے بھی انکار کیا۔