آپ کے مسائل اور اُن کا حل
سوال: غیر مسلموں سے ان کے مذہبی اور غیر مذہبی تہواروں میں کھانا وغیرہ لینے کا کیا حکم ہے؟
جواب:۔ غیر مسلموں کے مذہبی تہواروں میں ان کے ساتھ کسی بھی طرح شریک ہونا جائز نہیں ہے، چاہے وہ ان کی خوشی میں بنفسِ نفیس حاضر ہوکر ہویا ان کے تہوار پر خوشی ومسرت کا اظہار کرکے ہو،البتہ ان کے مذہبی یا غیرمذہبی تہواروں میں گوشت کے علاوہ آئے ہوئے کھانے یا مٹھائی وغیرہ میں اگر حرام کی آمیزش نہ ہو اور وہ کھانا انہوں نے اپنے معبودانِ باطلہ کےنام پر بھی نہ چڑھایا ہو، اس کھانےکو لے کراستعمال کرناجائز ہے، تاہم پھر بھی احتیاط بہتر ہے۔
اسی طرح پڑوسی ہونے کے ناطے ان کے گھر کھانے پینے کی اشیاء بھجوانا اور غیر مسلم کی بیماری میں اخلاقاً اس کی عیادت کرنا بھی جائز ہے، البتہ ان کے ساتھ حد سے زیادہ میل جول رکھنا جس سے عقائد متاثر ہوں یا ان کو گہرا دوست ( دلی دوست ) بنانا جائز نہیں ہے۔