کراچی (اسٹاف ر پورٹر ) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے ٹاؤن چیئرمین لیاقت آباد فراز حسیب و وائس ٹاؤن چیئرمین اسحاق تیموری کے ہمراہ لیاقت آباد ٹاؤن کا دورہ کیا، پردہ پارک، اسٹریٹ لائٹس اور بنو قابل کیمپس کا افتتاح کیا، اس موقع پر چیئرمین یوسی 1 و ناظمِ علاقہ ڈاکخانہ، شہاب الدین، چیئرمین یوسی 06 معین عباس مدنی، چیئرمین یوسی 4 عبید احمد خان، وائس چیئرمین رضوان احمد، ناظمِ علاقہ لیاقت آباد مسعود علی و دیگر بھی موجود تھے، حافظ نعیم الرحمنٰ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ 8 فرور ی کو نواز لیگ، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کا ٹائی ٹینک ضرور ڈوبے گا، کراچی میں جو بھی پیراشوٹ کے ذریعے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے آئے گا کراچی کے عوام اسے مسترد کر دیں گے، نواز لیگ کا مائنڈ سیٹ یہی ہے کہ کراچی کو نظر انداز کیا جائے ماضی میں بھی اور رجیم چینج کے موقع پر بھی ایم کیو ایم ان کے ساتھ رہی ہے، ہم نے نگراں حکومت سے بھی کہا ہے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں تاکہ کرپشن کا دھندا بند ہو سکے۔