• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوبارہ گرفتاری سیاسی انتقامی کارروائی ہے: شاہ محمود قریشی


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ دوبارہ گرفتاری سیاسی انتقامی کارروائی ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کا مذاق بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے جھوٹے مقدمے میں گرفتار کر رہے ہیں، میں بے گناہ ہوں، سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ میری ضمانت کا آرڈر اڈیالہ جیل آیا، جج صاحب نے روبکار پر دستخط کیے، مجھے انہوں نے گرفتار کر لیا۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ میں نے کہا کہ میری رہائی کے آرڈر پر تین سپریم کورٹ کے ججز کے دستخط ہیں، انہوں نے مجھے گرفتار کر کے تھری ایم پی او کے تحت نطر بند کر دیا، میں نے ان کی بات قبول کر لی اور اپنے سیل میں واپس چلا گیا۔

دوڑاتے ہوئے بکتر بند تک لے جانے پر شاہ محمود قریشی برہم ہوگئے اور پولیس اہل کاروں کو ڈانٹ پلا دی۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کو راولپنڈی پولیس نے اڈیالہ جیل سے گرفتار کر لیا ہے۔

پنجاب پولیس کی بھاری نفری اور تھانہ آر اے بازار پولیس اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے گزشتہ روز شاہ محمود قریشی کے نظر بندی آرڈرز جاری کئے تھے، نظربندی آرڈرز میں ان سے 9 مئی واقعات سے متعلق تفتیش کرنے کا کہا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی 9 مئی کے مقدمات میں نامزد ہیں، ان کی سائفر کیس میں ضمانت ہو چکی ہے، شاہ محمود قریشی کے 15 دن کے نظر بندی آرڈر جاری ہو چکے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید