وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے امیگریشن سیل نے کوئٹہ ایئرپورٹ پر اٹلی جانے کےلیے پہنچے دو مسافروں کو آف لوڈ کرکے گرفتار لیا۔
بتایا جارہا ہے کہ دونوں مسافر جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان گرفتار ملزمان میں فرحان احمد اور پرویز محمد شامل ہیں جو فلائٹ نمبر FZ346 سے اٹلی جانا چاہ رہے تھے۔
حکام کے مطابق ملزمان کا تعلق گجرانوالہ اور شیخوپورہ سے ہے، ان کی کوئٹہ ایئرپورٹ سے روانگی کی کوشش شکوک شبہات کا سبب بنی۔
حکام نے بتایا کہ ملزمان کی جانب سے پیش کیے جانے والے اٹلی کے ریزیڈنٹ کارڈز جعلی نکلے، ملزمان کے پاسپورٹس پر بیرون ملک آمد و روانگی کی جعلی اسٹیمپس لگی ہوئی تھیں۔
انکا کہنا تھا کہ ملزمان کے پاسپورٹ پر لگی اسٹمپس کے حوالے سے بھی کسی قسم کا سفری ریکارڈ سسٹم میں موجود نہ تھا۔
حکام نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے ایجنٹوں سے بھاری رقوم کے عوض مذکورہ کارڈز حاصل کیے تھے۔
ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے جعلی ریزیڈنٹ کارڈز کے عوض مجموعی طور پر 37 لاکھ روپے ادا کیے۔ ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کےلیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔