کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق وزیراعظم و صدرمسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایم کیوایم ہماری سنجیدہ پارٹنر ہے، مخلوط حکومت میں ایم کیوایم نے ساتھ دیا، اس تعلق کوآگے لے کرجائیں گے، کراچی کو اس کا حق ملنا چاہئے،آگے بھی بہت سے چیلنجز کا سامنا ہوگا، ایم کیوایم پاکستان اور مسلم لیگ ن مل کر ان چیلنجز کا سامنا کریں گی،کچھ قوتیں پاکستان کو سیاسی و معاشی انتشار میں مبتلا دیکھنا چاہتی ہیں۔ وہ ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، بشیر میمن، رانا مشہود اور مریم اورنگزیب پر مشتمل ن لیگ کے اعلی سطح وفد کے ہمراہ ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد میں رابطہ کمیٹی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے، بہادر آباد پہنچنے پر خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار نے شہباز شریف کا استقبال کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ قائد نوازشریف کا خیرسگالی کا پیغام لے کرآئے ہیں۔ ہمارے تعلقات دہایئوں پر محیط ہیں۔ تحریک عدم اعتماد کے بعد مخلوط حکومت میں ایم کیو ایم کے ساتھ احترام اور اعتماد کا رشتہ قائم ہوا۔ ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کرتا ہوں اس نے گزشتہ حکومت میں ہمارے ساتھ بہت تعاون کیا۔ ہر کٹھن وقت میں ایم کیو ایم ساتھ رہی۔