نامور بھارتی فلم ساز راج کمار ہیرانی کا کہنا ہے کہ انکی فلموں ڈنکی اور منا بھائی چلے امریکا میں کوئی مماثلت نہیں ہے۔
معروف فلم ساز راج کمار ہیرانی اپنی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ڈنکی کی کامیابی پر کافی خوش ہیں۔ اس فلم میں مرکزی کردار شاہ رخ خان نے ادا کیا۔ اس سے قبل بھی راج کمار ہیرانی کئی ہٹ فلمیں بنا چکے ہیں جن میں منا بھائی فرنچائز، تھری ایڈیٹس، پی کے اور دیگر شامل ہیں۔
اب یہ قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ فلم ڈنکی انکی موقوف شدہ فلم منا بھائی چلے امریکا میں کی گئی تبدیلی پر مبنی اسٹوری ہے۔
بھارتی میڈیا کے ساتھ انٹرویو میں شہرت یافتہ فلمساز نے منا بھائی تھری بنانے کے منصوبے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ منا بھائی تھری بنانا چاہتے ہیں لیکن اسکے مسودے پر کافی طویل عرصے سے کام کر رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ میرے اور سنجے دت کے پاس اسکے کئی نامکمل مسودات موجود ہیں۔ ہم اکثر اسکی تیاری پر گفتگو بھی کرتے ہیں لیکن میں کوئی غیر معیاری فلم نہیں بنانا چاہتا، تو اسی لیے مسودے پر کام جاری ہے اور ہم دونوں کبھی نہ کبھی اسے بنا لیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کیونکہ اب میں فارغ بھی ہوں تو اس مسودے کو وقت دونگا۔
راجکمار ہیرانی نے فلم ڈنکی اور منا بھائی چلے امریکا میں مماثلت کے حوالے سے کہا کہ یہ بالکل غلط ہے، ایسا بالکل بھی نہیں، ڈنکی ایک مختلف اسٹوری ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ایک مختصر جملے میں کہا جائے تو یہ دراصل جارج بش کی جانب سے ایک اینٹی مسلم بیان دیا گیا جس پر مبنی اسٹوری تھی جس میں یہ افراد اس بیان پر کافی اپ سیٹ ہوکر کہتے ہیں کہ ہم امریکا جاکر جارج بش کو پکڑ کر بھارت لیکر آتے ہیں۔ تو یہ تھی اسکی اسٹوری۔