سکھر (بیور ورپورٹ) سکھر کرکٹ کپ فلڈ لائٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا، افتتاحی میچ میں میئر الیون نے ایڈمنسٹریشن الیون کو 33رنز سے ہرادیا، ٹورنامنٹ کا افتتاح قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کیا۔ ابتدائی میچ میں میئر الیون نے 10اوور میں 88رنز بنائے، جواب میں ایڈمنسٹریشن الیون 10اوور ز میں 55رنز اسکور کرسکی۔ ایس ایس پی سکھر امجدا حمد شیخ نے تین چوکوں کی مدد سے22 رنز بنائے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ سکھر میں کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد ہوتا ہے گزشتہ چند سال سے سکھر پریس کلب سے وابستہ صحافیوں کی ٹیم نہ صرف مقابلوں میں حصہ لیتی ہے، میں خود سکھر میں کرکٹ کے کھیل سے وابستہ رہا ہوں، کرکٹ کے مختلف عہدوں پر فائز رہا ہوں، میں جانتا ہوں کہ کھلاڑیوں کے کیا مسائل ہوتے ہیں۔ 2017 میں سکھر میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اسپورٹس کمپلیکس مکمل ہونے کے بعد سکھر میں انٹرنیشنل مقابلوں کا انعقاد ہوگا، جب انٹرنیشنل کھلاڑی سکھر میں آکر کھیلیں گے اس سے نہ صرف کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ عوام بھی اپنے درمیان انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو کھیلتا دیکھیں گے اور اندرون سندھ میں تمام کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اس اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر سے مضبوط ہوں گے۔