وزیراعظم آسٹریلیا انتھونی البانیز کی جانب سے پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے اعزاز میں دعوت کا اہتمام کیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف اور سی ای او سلمان نصیر نے بھی شرکت کی۔ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے حکام بھی اس تقریب میں شریک تھے۔
ٹیموں کے اعزاز میں ہونے والی دعوت میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر گلین میک گرا اور آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر زاہد حفیظ نے بھی شرکت کی۔
آسٹریلوی وزیراعظم نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے دورہ آسٹریلیا خاص طور پر میلبورن ٹیسٹ میں اچھی کرکٹ کھیلی۔ اُمید ہے کہ وہ سڈنی ٹیسٹ میں بھی عمدہ کارکردگی پیش کرے گی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا اس موقع پر کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں نے ٹیسٹ سیریز میں مثبت انداز میں کرکٹ کھیلی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس طرح کے دورے نہ صرف کھیل بلکہ ملک کے سفیر کا کردار ادا کرنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔
شان مسعود کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم سڈنی ٹیسٹ میں بھی اچھا کھیلے گی۔