اسلام آباد (جنگ رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے اسد عمر نے کہا ہےکہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن اسلام آباد کے سیکٹر جی تیرہ کو چلانے میں ناکام ہو گئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جی تیرہ سی ڈی اے/میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو دیا جائے اور ان پلاٹوں سے کمایا گیا جو ایک ارب روپیہ بہارہ کہو میں لگایا گیا ہے، اسے فوری واپس کرکے جی تیرہ میں لگایا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ کئی افسروں کو نیب انکوائری کا سامنا ہے، لہٰذا اکائونٹس کا سپیشل آڈٹ کروایا جائے۔ وہ گھر جو فائونڈیشن نے بطور پلاٹ غیر قانونی طور پر ٹرانسفر کئے ہیں، اُنکی تفصیل سی ڈی اے کو دی جائے نیز فائونڈیشن کے جن افسران کو پلاٹ دیئے گئے ہیں اُنکی تفصیل بھی منظر عام پر لائی جائے۔