اسلام آباد (آئی این پی ) سپریم کورٹ نے ٹیکس فراڈ میں گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔ ملزم عمار رفیق کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ وائٹ کالر کرائم کوئی عام جرم نہیں ہے، وائٹ کالر کرائم سے ملک کو بہت نقصان پہنچتا ہے، جعلی انوائسز پر اتنا بڑا کلیم کیا گیا۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کوئی زبردستی کسی کے اکانٹ میں کیسے پیسے گھسا سکتا ہے؟ یہ عام جرم نہیں، ملزم کو ضمانت کس بنیاد پر دیں؟جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ یہ اربوں کا فراڈ ہے۔ وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ ملزم نے کچھ نہیں کیا، سب ٹیکس کنسلٹنٹ کا کام ہے، جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کنسلٹنٹ نے بھی ہیر پھیر کر کے فائدہ ملزم کو ہی پہنچایا۔