سعودی عرب نے ایران میں بم دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے المناک واقعے پر ایران سے تعزیت، ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ نے دہشت گردانہ بم دھماکوں کو مسترد کرنے اور ان کی مذمت کرنے کا اعادہ بھی کیا۔
علاوہ ازیں ایران میں گزشتہ روز ہوئی دہشت گردی پر پاکستان کی جانب سے بھی مذمت کی گئی ہے۔
نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کے معاونِ خصوصی علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ایران میں دہشت گردی کی پاکستان مذمت کرتا ہے۔
ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ غم کے ان لمحات میں ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔
طاہر محمود اشرفی نے مزید کہا ہے کہ شہداء کی بلندیٔ درجات اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
دوسری جانب امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایران میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکوں میں داعش ملوث ہو سکتی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق ایران میں ہونے والے دھماکے داعش کے حملوں سے ملتے جلتے ہیں۔
بائیڈن انتظامیہ کے سینئر عہدے دار کا کہنا ہے کہ داعش ماضی میں بھی ایسے حملے کرتی رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران کے شہر کرمان میں قبرستان کے قریب 2 دھماکوں میں 103 افراد جاں بحق اور 170 زخمی ہو گئے تھے۔