پیپلز پارٹی کے سینیٹر شہادت اعوان نے کہا ہے کہ الیکشن التوا سے متعلق سینیت کی منظور کردہ قرارداد آئین سے بغاوت ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں شہادت اعوان نے پارلیمان کے ایوان بالا سینیٹ میں الیکشن التوا کی قرار داد کثرت رائے منظور ہونے پر ردعمل دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ سینیٹ قرارداد آئین سے بغاوت ہے، الیکشن کا التوا وہ چاہتے ہیں جنہیں اپنی ہار صاف نظر آرہی ہے۔
ہم ہر صورت الیکشن چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی کسی صورت الیکشن کا التوا نہیں چاہتی ہے۔
آزاد سینیٹر دلاور خان کی پیش کردہ قرارداد کی منظور پر شہادت اعوان نے مزید کہا کہ یہ موٹیویٹڈ موو تھا یہ سازش تھی الیکشن ہر صورت بر وقت ہونے چاہئیں۔
پی پی سینیٹر نے یہ بھی کہا کہ یہ سب پلان کے تحت ہوا، آج آرڈر آف دا ڈے میں یہ بات شامل نہیں تھی، پیپلز پارٹی الیکشن کے لئے مکمل تیار ہے۔
شہادت اعوان کا کہنا تھا کہ جن کو اپنی ہار نظر آ رہی ہے وہ الیکشن ملتوی کروانا چاہتے ہیں۔