• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیش: عام انتخابات میں شیخ حسینہ واجد پانچویں بار کامیاب

بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد، فائل فوٹو
بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد، فائل فوٹو

بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے گزشتہ روز ہونے والے عام انتخابات میں پانچویں بار کامیابی حاصل کرلی۔

بین الا قوامی میڈیا کی رپورٹ میں بنگلہ دیش کے الیکشن کمیشن کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ شیخ حسینہ واجد کی حکمران جماعت عوامی لیگ نے انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔

رپورٹ کے مطابق عوامی لیگ نے الیکشن میں پارلیمنٹ کی کُل 223 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہےجبکہ اپوزیشن جماعت جتیا پارٹی صرف 11 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکی اور 52 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شیخ حسینہ واجد نے حلقے گوپال گنج سے 249,962 ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے حریف نے مقابلے میں صرف 469 ووٹ حاصل کیے۔

عام انتخابات میں اپنی کامیابی پر شیخ حسینہ واجد کا کہنا ہے کہ آئندہ 5سال میں ملک کی معاشی ترقی پرتوجہ رہےگی، ہرسیاسی جماعت کو فیصلہ لینےکا اختیار ہے۔

اُنہوں نے اپوزیشن جماعت کی بائیکاٹ مہم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں ایک سیاسی جماعت کے نہ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ جمہوریت غائب ہے۔

شیخ حسینہ واجد نے دعویٰ کیا کہ ملک میں آزاد اور شفاف انتخابات ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں 300 میں سے 299 پارلیمانی نشستوں پر عام انتخابات منعقد ہوئےجبکہ ایک نشست پر ایک آزاد امیدوار کی موت کے بعد قانون کے مطابق انتخاب ملتوی کر دیا گیا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بنگلہ دیش میں گزشتہ روز ہونے والے عام انتخابات میں وٹنگ کا تناسب گزشتہ عام انتخابات کے مقابلے میں50 فیصد کم رہا۔

رپورٹ کے مطابق 2018ء میں ووٹنگ کا تناسب 80 فیصد تھا اور موجودہ انتخابات میں صرف 40 فیصد رہا۔

رپورٹ کے مطابق وٹنگ کے تناسب میں کمی کی وجہ اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت بنگلہ دیش نیشلنسٹ پارٹی(بی این پی) کا الیکشن سے بائیکاٹ تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بنگلہ دیش میں ووٹرز کی بڑی تعداد نے اپوزیشن  کی بائیکاٹ مہم کا ساتھ دیا اور اس مہم نے انتخابات سے قبل حکومت کی طرف سے کیے گئے بڑے کریک ڈاؤن کی طرف توجہ مبذول کروائی۔


بین الاقوامی خبریں سے مزید