بانیٔ پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ کیسز میں فردِ جرم عائد کر دی گئی۔
کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہو رہی ہے۔
بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی نقول بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔
گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کے لیے بانیٔ پی ٹی آئی کو ریفرنس کی نقول فراہم کر دیں جبکہ فرحت شہزادی، مرزا شہزاد اکبر، ذلفی بخاری اور ضیا المصطفیٰ سمیت 6 اشتہاری ملزمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ان کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔
دوسری جانب گزشتہ روز توشہ خانہ ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی عدم حاضری کے باعث ملزمان پر فردِ جرم عائد نہ کی جا سکی۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کر دی تھی۔
اس موقع پر ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی، امجد پرویز، اسپیشل پراسیکیوٹرز عرفان بھولا، سہیل عارف اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین اور بیرسٹر عمیر نیازی بھی کمرۂ عدالت میں موجود تھے۔
دورانِ سماعت بشریٰ بی بی کی ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جو عدالت نے منظور کر لی۔