ٹینس کنگ نوواک جوکوچ نے میلبرن کے چیریٹی ایونٹ میں خوب رنگ جمایا، ایونٹ میں آسٹریلوی کرکٹر اسٹیو اسمتھ سمیت دنیائے کھیل کی معروف شخصیات نے شرکت کی۔ جوکووچ نے کرکٹ کھیلی، ٹینس اور ویل چیئر ٹینس میں بھی رنگ جمایا۔ باسکٹ بال، ایتھلیٹکس اور جمناسٹک میں بھی شغل لگایا۔
دنیائے ٹینس کے نمبر ون کھلاڑی نوواک جوکووچ کے کئی روپ نظر آئے، سربین اسٹار نے خود کو ہر فن مولا ثابت کیا۔
ٹینس ہی نہیں، ویل چیئر ٹینس، کرکٹ، باسکٹ بال، ایتھلیٹکس اور جمناسٹک سارے کھیلوں میں خوب رنگ جمایا۔
میلبرن میں چیرٹی ایونٹ ’اے نائٹ ود نواک اینڈ فرینڈز‘ میں جوکووچ نے مایہ ناز کرکٹر اسٹیو اسمتھ اور عظیم لیگ اسپنر شین وارن کے بیٹے جیکسن وارن کے ساتھ کرکٹ کے جوہر دکھائے۔
اسمتھ نے بیٹ کی جگہ ریکٹ سنبھالا لیکن جوکووچ کے سامنے سنبھل نہ پائے۔
باسکٹ بال کے پلیئر ایلن ولیمز، ایتھلیٹ پیٹر بول اور جمانسٹ جارجیا گڈون نے بھی ریکٹ تھاما۔
سٹسپاس سے نمائشی میچ کے علاوہ جوکووچ نے ویل چیئر ٹینس بھی کھیلی۔
جوکووچ اور آرینا سابالنکا نے مکسڈ ڈبلز مقابلے میں سٹسپاس اور ماریہ سکاری کے ساتھ خوب شغل لگایا۔ گیند کو باسکٹ کرنے کےلیے جوکووچ کو بڑی محنت کرنا پڑی۔
آسٹریلوی جمناسٹ جیورجیا گڈون نے ٹینس اسٹار کو کچھ ایکسرسائز کروائیں۔ دو گھنٹے کے ایونٹ میں تماشائیوں نے ایک ایک لمحہ بھرپور انجوائے کیا۔