پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے متنازع ٹکٹوں کو واپس لینے کا کہا ہے۔
اپنے بیان میں شیر افضل مروت نے کہا کہ میں نے جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی، ملاقات میں علیمہ خانم، بشریٰ بی بی، اعجاز بٹر، نعیم پنجوتھا بھی موجود تھے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ میں نے بانی پی ٹی آئی کو ٹکٹوں کی متنازع اجراء پر تحفظات سے آگاہ کیا، جس پر بانی پی ٹی آئی نے متنازع ٹکٹوں کو واپس لینے کا کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے عمیر نیازی کو عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یاد رہے کہ اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ کیس کی سماعت کے دوران کارکنوں نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سامنے ٹکٹس کی تقسیم پر شکایات کے انبار لگائے تھے۔
کارکنوں کے شکایت کرنے پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ انہیں ٹکٹوں کے بارے میں مشاورت کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، نہیں معلوم کس کو ٹکٹ ملا کس کو نہیں، ساڑھے 800 ٹکٹوں کے بارے میں زبانی کلامی کیسے فیصلہ کر سکتا ہوں۔