پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے پارٹی کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کو ہرجانے کا نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔
شکر گڑھ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ بے بنیاد الزامات لگانے پر احسن اقبال کو ہرجانے کا نوٹس بھیجوں گا، احسن اقبال ثابت کریں کہ میں نے پی ٹی آئی کا ٹکٹ اپلائی کیا تھا۔
دانیال عزیز نے کہا کہ میں کوئی اڈے نہیں چلاتا نہ ٹرانسپورٹ کا کبھی کام کیا ہے، سوشل میڈیا پر کردار کشی کیسے کر سکتا ہوں؟ میرا اکاؤنٹ عرصہ سے ان ایکٹو ہے، مختلف جماعتوں نے مجھ سے رابطہ کیا لیکن میں نے انکار کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں تو اڈے نہیں چلاتا لیکن ایل پی جی کا کاروبار کون کرتا ہے سب جانتے ہیں۔ میرے جاری سوئی گیس کے منصوبوں کو کس نے روکا؟ احسن اقبال نے لوٹے ختم نہیں کیے، لوٹوں کی فیکٹری لگائی ہے۔
دانیال عزیز نے مزید کہا کہ میری بیماری میں مدد کا مطلب یہ نہیں کہ سیاسی فائدے اٹھائے جائیں، میرے خلاف نوٹس جاری کرنے پر احسن اقبال نے قیادت کو مجبور کیا۔