پاکستان پیپلز پارٹی( پی پی پی) کی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمٰن نے پنجاب میں اپنی پارٹی کے امیدواروں کے انتخابی نشان تیر میں رد و بدل پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سینیٹر شیری رحمٰن نے اپنے بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی آزاد امیدواروں کی فہرست میں شمولیت پر تشویش ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے انتخابی نشان کی درستگی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
پیپلز پارٹی کی نائب صدر نے بتایا کہ پی پی163 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار فیاض بھٹی کو تیر کے بجائے کیتلی، پی پی 119 سے مجاہد اسلام کو تیر کے بجائے ویل چیئر کا انتخابی نشان دیا گیا۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ پی پی 21 چکوال 2 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار امجد نور اور پی پی 20 چکوال کے امیدوار چوہدری نوشاد کو بھی آزاد امیدوار بنا دیا گیا ہے۔
سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ پیپلز پارٹی الیکشن کمیشن کو تحریری شکایات درج کروا چکی ہے اور امید کرتے ہیں کہ ان بےضابطگیوں کی جلد از جلد درستگی کی جائے گی۔