• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم غلط راہ پر ہیں، کوچز کو پلیئرز کی غلطیاں ٹھیک کروانا ہوں گی، ظہیر عباس

ایشین بریڈمین ظہیر عباس نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کچھ ٹیکنیکل غلطیاں کر رہی ہے، پروفیشنلی ہم غلط راہ پر ہیں، کوچز کو پلیئرز کی ان غلطیوں کو ٹھیک کرنا ہوگا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف غلطیاں ہوئی ہیں، ان پر قابو پانا ہوگا۔ جب تک اچھے کیچز نہیں پکڑیں گے، اچھی فیلڈنگ نہیں کریں گے، میچ نہیں جیت سکتے۔

ایشین بریڈمین نے کہا کہ کپتانی کے تجربے کرنے میں کوئی نقصان نہیں، کپتان کوئی بھی بن جائے ٹیم اچھی پرفارمنس دے گی تو رزلٹ اچھا آئے گا۔ 

ایک سوال کے جواب میں ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ صرف میں ہی نہیں ہوں پاکستان میں ہر بیٹسمین ایشین بریڈمین ہے۔ جو کھلاڑی پرفارم کرے وہ ایشین بریڈمین بن سکتا ہے۔ 

لیجنڈری بلے باز کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ اب فیورٹ کرکٹ ہوگئی ہے، اس میں پیسہ بہت آگیا ہے، امید ہے اس میں پاکستان کا نام ٹاپ میں شامل ہو۔

بابر اعظم سے متعلق بات کرتے ہوئے ظہیر عباس نے کہا کہ بابر اعظم بہت اچھے پلئیر ہیں، امید ہے وہ میچز بھی جتوائیں، بابر کو تسلسل سے کھیلنا پڑے گا۔

ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم سے بڑی امیدیں ہیں کہ ورلڈ کپ میں اچھی پرفارمنس دے۔

پاک بھارت کرکٹ سیریز پر بات کرتے ہوئے ایشین بریڈمین نے کہا کہ انڈیا پاکستان میں دوری صرف دو قدم کی ہے، بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان آکر کھیلنا چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت کے میچز پاکستان میں نہ ہونے پر مجھے افسوس ہے، کیونکہ نیوٹرل وینیو تو آپ ہر وقت بنا سکتے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید