پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لکھ لیں، اس الیکشن کا جنازہ نکل گیا ہے۔
راولپنڈی میں کمرہ عدالت میں پی ٹی آئی رہنما نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی، اس موقع میں شاہ محمود قریشی آبدیدہ ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ میرے بہنوئی کا انتقال ہوا، درخواست کی کہ مجھے جنازے میں شرکت کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں تو اپنی بہن کو پرسا بھی نہیں دے سکا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم الیکشن لڑیں گے اور آزاد لڑیں گے، پوری قوم نے دیکھا کہ پی ٹی آئی کو کیسا لیول پلیئنگ فیلڈ ملا، لکھ لیں، اس الیکشن کا جنازہ نکل گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ میری بیٹی اسکروٹنی کےلیے گئی اسکے کاغذات چھینےگئے، جس کے بعد بیٹی کو شہر چھوڑنا پڑا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارا پیغام ہے کہ جس کے پاس جو نشان ہے وہ اس کو ہی بلا سمجھے، ہمارے پاس پلان بی تھا، ہم نے سمجھا تھا بلا نہیں تو بلے باز پر ووٹر مطمئن ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ عدالتوں کا فیصلہ تسلیم ہے، تاریخ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنا فیصلہ ضرور کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اگر کیسز کا اوپن ٹرائل ہوسکتا ہے تو یہاں کیوں نہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سائفر کیس کے ٹرائل کو لائیو دکھایا جائے۔
صحافی نے پی ٹی آئی رہنما سے استفسار کیا کہ کیا آپ سمجھتے ہیں انٹراپارٹی الیکشن اور بلے کا نشان حاصل کرنے کےلیے آپ کی جماعت سے غلطیاں ہوئی؟
اس پر شاہ محمود قریشی نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن نے ہمارے انٹراپارٹی الیکشن پر سوال اٹھائے باقی جماعتوں کے الیکشن پر کسی نے سوال نہیں اٹھایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کاایک ہی مطالبہ ہے کہ ملک میں صاف، شفاف انتخابات کرائے جائیں۔