ایران میں 2 خواتین صحافیوں پر رہائی کے بعد دوبارہ مقدمہ درج کرلیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق نیلوفر حمیدی اور الہٰی محمدی کو ایرانی عدالت نے 13 اور 12 سال قید کی سزا سنائی تھی تاہم دونوں خواتین صحافیوں کو 17 ماہ جیل میں گزارنے کے بعد عارضی طور پر رہا کردیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق دونوں خواتین صحافیوں نے 2022ء ستمبر میں مہسا امینی کی پولیس حراست میں ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے ہنگاموں کو اپنے اخبارات میں رپورٹ کیا تھا۔
عرب میڈیا کے مطابق ان دونوں خواتین کو اس مقدمے میں عدالت نے طویل قید کی سزا سنائی تھی اور اس کے بعد سے وہ جیل میں قید تھیں تاہم اسی ہفتے کے دوران عدالت نے ضمانت پر ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق رہائی کے بعد دونوں خواتین کی اپنے اہلخانہ کے ساتھ خوشی منانے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جس کے بعد اب ان دونوں خواتین کے خلاف ایرانی ضابطہ لباس کی خلاف ورزی کرنے اور ننگے سر باہر نکلنے پر ان کے خلاف پولیس نے ایک اور مقدمہ درج کرلیا ہے۔
واضح رہے ستمبر 2022 میں 22 سالہ لڑکی مہسا امینی ایرانی اخلاقی پولیس کی حراست میں دم توڑ گئی تھی جسے لباس قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا تھا۔