سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے وکیل عبدالرزاق خان نے کہا ہے کہ جج صاحب نے شیخ رشید کو ہنستے ہوئے کہا کہ کچھ دن جیل رہ آئیں۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں وکیل عبدالرزاق خان نے کہا کہ شیخ راشد شفیق کی تمام 13 مقدمات میں ضمانت کنفرم ہوئی ہے جبکہ شیخ رشید نیو ٹاؤن تھانے میں درج مقدمے میں ضمانت خارج ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کو تھانے لے جایا گیا ہے، کل انسداد دہشت گردی عدالت(اے ٹی سی) میں پیش کرنا ہوگا، جہاں جوڈیشل یا جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ ہوگا۔
وکیل نے مزید کہا کہ جج بہت اچھے ہیں تقریباً تمام ہی مقدمات میں ضمانتیں کنفرم کیں، حساس ادارے والا کیس بھی ایسا ہی تھا، شیخ رشید حمزہ کیمپ مقدمے میں براہ راست کوئی ملوث نہیں۔
عبدالرزاق خان نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی یا چوہدری پرویزالہٰی سے جیل میں میرے موکل کی ملاقات ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کہا گیا لال حویلی میں سازش کی، جلاؤ گھیراؤ کی بات شیخ رشید نے نہیں کی۔