• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو نے لاڑکانہ میں انتخابی منشور کا اعلان کردیا

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں انتخابی منشور کا اعلان کردیا۔

بیگم نصرت بھٹو آڈیٹوریم لاڑکانہ میں ’عوامی معاشی معاہدہ‘ کی لانچنگ تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ہر بچے کو مفت تعلیم اور غریبوں کو مالکانہ حقوق پر مکانات فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال تنخواہ میں 8 فیصد اضافہ کریں گے، غربت مٹاؤ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مزید بہتر کریں گے۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ کسانوں کو ہاری کارڈ اور اُن کی فصلوں کو انشورنس دیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ مزدوروں کو بینظیر مزدور کارڈ کے ذریعے پنشن دیں گے جبکہ یوتھ کارڈ بھی متعارف کرائیں گے۔

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ روزگار بڑھانے کے منصوبوں پر سرمایہ کاری کریں گے، ہم نے پرائیویٹ سیکٹر میں انویسٹمنٹ کا پلان بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے منصوبے سے بیروزگاری کی شرح میں کمی آسکے گی، ہم اسمال انڈسٹری کے فروغ کےلیے بھی کام کریں گے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ ملک کے ہر ہرضلع میں یونیورسٹی بنائیں گے، پورے ملک کے عوام کو صحت سہولیات فراہم کریں گے، ہر طالب علم کو ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ کچے علاقے کے لوگوں کو قومی دھارے میں لانا چاہتے ہیں، ڈاکوؤں کو بھی دعوت دیتا ہوں کہ وہ تشدد چھوڑ کر ہماری طرف آجائیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں بھی خواتین کو مالکانہ حقوق پر مکان دینا چاہتے ہیں، کچی آبادیوں کو ریگولرائز کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سفید پوش طبقے کے لیے بھی گھر خریدنا بہت مشکل ہوگیا ہے، اس حوالے سے اُن کی مدد کریں گے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ ملک کو موسمیاتی تبدیلوں کا سامنا ہے، کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ کم اور موسمیاتی تبدیلی سے متاثر زیادہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں، مہنگائی، بیروزگاری کا بھی سامنا ہے، سیلاب کی وجہ سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

اس سے قبل نوڈیرو میں خطاب کے دوران بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام آٹھ فروری کو نفرت اور تقسیم کی سیاست دفن کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید