• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن نے انتخابات 2024ء کے امیدواروں کا ڈیٹا جاری کردیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے عام انتخابات 2024ء  کے امیدواروں کا ڈیٹا جاری کردیا ہے۔

ای سی پی کے مطابق قومی اسمبلی کی 266 جنرل نشستوں کےلیے 5 ہزار 121 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں سے مرد 4 ہزار 807، خواتین 312 اور 2 خواجہ سرا شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر آزاد امیدواروں کی تعداد زیادہ ہے۔

ای سی پی کے مطابق جنرل نشستوں پر سیاسی جماعتوں کے ٹکٹ پر ایک ہزار 780 مرد اور 93 خواتین سمیت کل ایک ہزار 879 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔

قومی اسمبلی کےلیے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے والے امیدواروں کی تعداد 3 ہزار 248 ہے، جن میں 3 ہزار 27 مرد، 219 خواتین اور 2 خواجہ سرا ہیں۔

صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر 12 ہزار 695 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔ ان میں 4 ہزار 158 سیاسی جماعتوں سے وابستہ ہیں جبکہ 8 ہزار 536 آزاد امیدوار ہیں۔

پنجاب اسمبلی کےلیے 6 ہزار 710 امیدوار مقابلے کےلیے اترے ہیں جن میں 1 ہزار 874 کا تعلق سیاسی جماعتوں سے ہے جبکہ 4 ہزار 836 آزاد امیدوار ہیں۔

سندھ اسمبلی کےلیے 2 ہزار 878 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا، جن میں 949 کا تعلق سیاسی جماعتوں سے ہے جبکہ 1 ہزار 929 آزاد امیدوار ہیں۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کےلیے 1 ہزار 834 امیدوار انتخابی عمل کا حصہ بن رہے ہیں، جن میں 801 کے پاس پارٹی ٹکٹ ہے جبکہ 1 ہزار 33 کی حیثیت آزاد امیدوار کی ہے۔

بلوچستان اسمبلی کی امیدواری کےلیے 1 ہزار 273 افراد انتخابی میدان میں اترے ہیں، جن میں 534 کا تعلق سیاسی جماعتوں سے ہے جبکہ 739 آزاد حیثیت میں قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید