گورنر سندھ کامران ٹیسوری ایران سے کراچی پہنچ گئے، اُن کا کہنا ہے کہ ملکی سالمیت اور وقار کا جب معاملہ ہو تو پاکستان سب سے پہلے ہے۔
کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں کامران ٹیسوری نے کہا کہ 4 روزہ دورے پر مشہد اور چابہار گیا تھا، جیسے ہی پتا چلا کہ واقعہ ہوا تو دورہ مختصر کر کے واپس آگیا۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی پاک ایران تجارت کی بات ہوتی ہے کوئی واقعہ رونما ہو جاتا ہے، 50 سے زائد بزنس مین ایران میں موجود تھے۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ بہت سے بزنس مین چابہار گئے تھے، میں بھی ان کے ساتھ گیا۔ ملکی سالمیت اور وقار کا جب معاملہ ہو تو پاکستان سب سے پہلے ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ گورنر مشہد اور اسٹیٹ بینک ایران کے گورنر سے بزنس مین کی ملاقاتیں ہوئیں، ایران میں ہمارا قونصل خانہ کام کر رہا ہے، پاکستانیوں سے رابطے میں ہیں۔
کامران ٹیسوری نے یہ بھی کہا کہ میرا دورہ مؤخر کرنا احتجاج کی علامت ہے۔
گورنر سندھ چابہار میں ہونے والی ایران ایکسپورٹ 2024ء کا افتتاح کرنے کےلیے پیر کو 4 روزہ دورے پر گئے تھے۔
کامران ٹیسوری کے ساتھ پاکستان میں ایران کے سفیر اور کراچی میں تعینات قونصل جنرل بھی گئے تھے۔