• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے ایران کو کافی سوچ سمجھ کر جواب دیا ہے، شیری رحمٰن

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران کو کافی سوچ سمجھ کر جواب دیا ہے۔

آپریشن مرگ بر سرمچار سے متعلق جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمٰن نے کہا کہ پاک ایران سرحد پر کئی سال سے اس قسم کے ایشوز ہوتے رہے ہیں۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ بہتر ہوگا کہ دونوں ملک اس قسم کے تنازعات کو مزید بڑھنے نہ دیں، پاکستان کے ایران کے ساتھ پرانے روابط ہیں، تعلقات بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران دونوں کو اب تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے، ایران کی جانب سے پاکستانی خود مختاری پر حملہ غیر متوقع تھا۔

پیپلز پارٹی کی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ایران کو اگر کچھ خدشات تھے تو وہ پاکستان کو آگاہ کرتا۔

پاکستان نے ایران میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانا بنایا

واضح رہے کہ دفترِ خارجہ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے آج صبح ایران کے صوبے سیستان میں دہشت گردوں کی مخصوص پناہ گاہوں کو نشانا بنایا ہے۔

پاکستان کی جانب سے اس انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو آپریشن مرگ بر، سرمچار کا نام دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سیستان میں انٹیلی جنس بیسڈ پاکستانی آپریشن میں متعدد دہشت گرد مارے گئے۔

ایران نے پیر کو بلوچستان میں میزائل و ڈرون حملے کیے

یاد رہے کہ اس سے قبل منگل کے روز ایرانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان میں میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے تھے۔

ایرانی سرکاری ٹی وی نور نیوز کی خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایرانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پاکستان کے صوبے بلوچستان میں جیش العدل نامی تنظیم کے دو ٹھکانوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے۔

گزشتہ روز دفترِ خارجہ نے ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایرانی ناظم الامور کو وزارتِ خارجہ طلب کیا تھا۔

دفترِ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خود مختاری کی یہ خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابلِ قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں جس کی ذمے داری ایران پر ہی عائد ہو گی۔


قومی خبریں سے مزید