• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میاں صاحب دل میں بات رکھتے ہیں اور وقت پر حساب لیتے ہیں، بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ میاں صاحب معاف کرنے والے نہیں، دل میں بات رکھتے ہیں اور وقت پر حساب لیتے ہیں۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے نواز شریف پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ ن لیگ مخالف ووٹ ن لیگ کے حامی ووٹ سے زیادہ ہے، امید ہے آئندہ حکومت پیپلز پارٹی بنائے گی۔

پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ سیاست دانوں نے آپس کے معاملات خود حل نہ کیے تو کبھی سپریم کورٹ مداخلت کرے گی اور کبھی کوئی اور ادارہ، سیاست دانوں کو پہلے اپنا گھر ٹھیک کرنا ہوگا پھر دوسرے ادارے پر انگلی اٹھا سکیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف کو معیشت بہتر کرنے کا طریقہ معلوم تھا تو 18 ماہ کیوں خاموش رہے، اتنا خفیہ راز تھا کہ نواز شریف نے اپنے بھائی سے بھی شیئر نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگست میں آئی ایم ایف کے پروگرام سے ہم ڈیفالٹ سے بچ گئے تھے، نواز شریف نے وزیر خزانہ کو تبدیل کرکے ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے میں ڈال دیا تھا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ہمیشہ مؤقف رہا لاڈلا ازم کی سیاست ختم کرکے طاقت کا سرچشمہ عوام کو مانیں، میاں صاحب یہ تاثر دے رہے ہیں کہ وہ چوتھی بار لاڈلا بننے آئے ہیں، میاں صاحب یہ تاثر دے رہے ہیں کہ ماضی کی طرح دو تہائی اکثریت ملنے والی ہے۔

 پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ زمینی حقائق اور نواز شریف کی توقعات میں زمین آسمان کا فرق ہے، نواز شریف 1997 اور 2013 جیسی توقع رکھ کر الیکشن لڑ رہے ہیں تو ان کی غلط فہمی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھے تھے الیکشن میں تین پارٹیوں کا مقابلہ ہوگا، اب الیکشن میں مقابلہ صرف پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں ہوگا، ملک بھر میں ن مخالف ووٹ ن لیگ کے ووٹ سے بہت زیادہ ہے، امید ہے عوام ساتھ دیں گے اور حکومت ہم بنائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید