اسلام آباد (این این آئی) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی بہن آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو گولیوں اور بم حملوں سے ڈرانے کی کوشش ناکام ہوگی۔اپنے بیان میں آصفہ بھٹو نے لاہور اور کراچی میں پیپلز پارٹی کی کارنر میٹنگ اور لاہور میں انتخابی دفتر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ملک بھر میں مقبولیت دیکھ کر سیاسی مخالفین کو اپنی شکست صاف نظر آرہی ہے۔آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا انتخابی میدان میں مقابلہ کرنے کے بجائے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آنا دراصل شکست کا اعتراف ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے انتخابی حلقے این اے 230 گلشن بونیر میں اسوقت فائرنگ کی گئی جب جیالا امیدوار کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہا تھا۔