کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سیکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ عمران خان اب نت نئے سوشے چھوڑ کر قوم کو بے وقوف نہیں بناسکتے، قوم ان کے کسی بھی جھانسے میں آنے کے لئے تیار نہیں،عمران خان کی جانب سے افواج پاکستان میں تقسیم کی ایک اور نئی سازش بھی ناکام ہوگی جس میں انہوں نے کہا ہے کہ90فیصد فوجی پی ٹی آئی کو ووٹ دیں گے،انہوں نے کہا کہ ملک کے محب وطن ادارے کا ہر فرد نو مئی کو ملک کو نقصان پہنچانے والے ایک ایک شخص کو اچھی طرح جانتا ہے جنہوں نے ملک کو تباہ کرنے اور عالمی سطح پر بدنام کرنے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی، عپوری قوم عمران خان کے ملک کو ترقی دینے اور نئے پاکستان کے نعروں کو اچھی طرح پہچان چکی ہے، مسلم لیگ ن کی مقبولیت دیکھ کر پی ٹی آئی کے بانی اب الزام تراشی پر اتر آئے ہیں، پی ڈی ایم حکومت نے ملک کو اس مشکل صورت حال سے نکالا جس میں عمران اپنے دور اقتدار میں پھنسا کر گئے تھے۔