پشاور کے علاقے صدر میں شاپنگ سینٹر میں آگ بجھانے کا آپریشن جاری ہے جس کی کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نگرانی کر رہے ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ موبائل پلازا میں آگ لگے 6 گھنٹے سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے، سیکڑوں دکانیں جل چکی ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق فائر بریگیڈ کی 26 گاڑیاں اور130 فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں، شاپنگ سینٹر میں بیٹریز اور یو پی ایس پھٹنے سے آگ بڑھی ہے۔
آگ بجھانے کے لیے مردان، نوشہرہ، چارسدہ اور خیبر کی بھی فائر بریگیڈ گاڑیاں موقع پر موجود ہیں۔
آگ نے پورے پلازا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، 2 منزلہ عمارت میں تقریباً 200 دکانیں ہیں، آگ لگنے سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔
دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 نے بتایا ہے کہ صدر بازار میں موبائل پلازا میں لگی آگ پر 70 فیصد قابو پا لیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ فائر فائٹرز آگ مکمل بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں، موبائل پلازا میں لگی آگ کی شدت کم ہو چکی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 کا یہ بھی کہنا ہے کہ پلازا میں رکھی بیٹریاں پھٹنے سے آگ دوبارہ بھڑک اٹھتی ہے۔
پشاور ہی کے علاقے کاکشال نمبر چار کے ایک گھر میں گیس کی لیکیج کے باعث آگ لگ گئی،جس سے جھلس کر 2 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کےمطابق دونوں زخمیوں کوطبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق گھر میں لگی اس آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔