جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اس بار پاکستان میں افغانستان دوست حکومت بنے گی۔
لکی مروت میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اب سے پہلے تک پاکستان میں جتنی حکومتیں بنیں وہ افغانستان مخالف تھیں۔
انہوں نےکہا کہ امریکا انسانیت کا درس دیتا ہے لیکن خود اسرائیل کی پشت پناہی کررہا ہے، اس ناسور نے فلسطینی سرزمین پر قبضہ کر رکھا ہے۔
جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ ہمیں ختم کرنے کی باتیں کرنے والے آج در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، ہم ان کی باقیات تک ختم کرکے دم لیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ووٹ کی پرچی جہاد ہے، اس کا صحیح استعمال کامیابی ہے، یہ پگڑیاں اس لیےسر پر نہیں سجائیں کہ اپنے سر ان کے سامنے جھکائیں۔
فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ 2018 الیکشن میں دھاندلی کرکے ایک شخص کو ہم پر مسلط کیا گیا، اس شخص نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا۔