پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے تحفظ آب سے متعلق کراچی میں حکام سے ملاقات کی۔
اس حوالے سے اسلام آباد سے امریکی سفارتخانے کے ترجمان نے کہا کہ امریکی سفیر نے پانی کی فراہمی کیلئے دستیاب مواقع اور درپیش چیلنجز کا جائزہ لیا۔
ترجمان کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے نکاس کی خدمات کے شعبے میں مواقع اور چیلنجز کا بھی جائزہ لیا۔ پاکستانی حکام سے بات چیت ’گرین الائنس‘ فریم ورک کے تحت ممکنہ تعاون پر مرکوز تھی۔
ترجمان نے کہا کہ گرین الائنس فریم ورک میں پانی، صاف توانائی اور موسمیاتی اسمارٹ زراعت پر توجہ دی گئی تھی۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے تاریخی ہولی ٹرینٹی چرچ کا بھی دورہ کیا۔
ترجمان امریکی سفارتخانہ نے مزید کہا کہ تاریخی ہولی ٹرینٹی چرچ کراچی میں اہم اور تاریخی مذہبی ورثہ ہے۔ ہولی ٹرینٹی چرچ مختلف عقائد کے درمیان پُرامن بقائے باہمی اور بطور باہمی احترام کی علامت کے طور پر موجود ہے۔
ترجمان نے کہا کہ امریکی سفیر نے مسیحی برادری کے مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کی۔ مذہبی رہنماؤں نے بین المذاہب تعاون کے فروغ سے امریکی سفیر کو آگاہ کیا۔