پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے انتقامی سیاست کے بیانیے پر ردعمل دیدیا۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں صحافیوں سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بلاول بھٹو کو نواز شریف کی انتقامی سیاست نظر آرہی ہے تو انہوں نے شہباز شریف کی حکومت کے وزیر خارجہ کا حلف کیوں اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین سے پوچھتا ہوں کہ انتقامی سیاست نظر آرہی ہے تو بھٹو کے وارث نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) بناکر ضیاء الحق کے وارثوں کے ساتھ الحاق کیوں کیا؟
اس موقع پر پی ٹی آئی وائس چیئرمین نے ملتان میں اپنے سیاسی حریف جاوید ہاشمی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہاشمی نے حق اور سچ کا جھنڈا بلند کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جاوید ہاشمی کا ن لیگ کے پلیٹ فارم سے بانی پی ٹی آئی کے حق میں بیان بہت بڑی بات ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) نے چند سیٹوں کےلیے اپنی پارٹی کی قربانی دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملتان میں جہانگیر ترین ن لیگ کی مدد مانگ رہا ہے اور لودھراں میں ن لیگ کی مخالفت کررہا ہے، آئی پی پی نے51 سیٹوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے اور 7 پر ایڈجسٹمنٹ کی۔
پی ٹی آئی وائس چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ سائفر صرف اور صرف سیکرٹری خارجہ کے دیکھنے کےلیے تھا، قومی سلامتی کمیٹی نے سیاسی مداخلت کو مانا۔
اُن کا کہنا تھا کہ سائفر آنے کے بعد بانی پی ٹی آئی نے کہا جتنے بھی پارلیمانی لیڈر ہیں سب کو بریف کیا جائے، سیکرٹری خارجہ نے تمام پارلیمان لیڈرز کو سائفر پر بریفنگ بھی دی۔