پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دفعہ 144 کی آڑ میں ہمارے امیدواروں اور کارکنوں کو گرفتار کیا جائے گا۔
اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں نے اور بانی پی ٹی آئی نے پوسٹل بیلٹ کےلیے درخواست دی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دفعہ 144 کا نفاذ ہوا تو ن لیگ اور پیپلز پارٹی کیسے جلسے کریں گے؟
انہوں نے کہا کہ دفعہ 144 اسلحے کی نمائش پر لگائی گئی ہے تو اچھی بات ہے، دفعہ 144 کی آڑ میں ہمارے امیدواروں اور کارکنوں کو گرفتار کیا جائے گا۔
انکا کہنا تھا کہ تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود لوگ اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شفاف الیکشن کی بنیادی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے، ای سی پی اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام دکھائی دے رہا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کی کوشش مثبت اقدام ہے، ایران کو انتہائی قدم اٹھانے سے پہلے سفارتی حل کی طرف جانا چاہیے۔