استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر علیم خان کا کہنا ہے کہ مہنگی گاڑی رکھنے والوں کے لیے پیٹرول مہنگا اور موٹر سائیکل والوں کے لیے سستا ہونا چاہیے، اقتدار میں آکر 300 یونٹ تک بجلی مفت فراہم کریں گے۔
لاہور میں اپنے انتخابی حلقے این اے 117 میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ پرانا راوی روڈ اور پراچہ کالونی کے اطراف میں سیوریج کے مسائل برسوں پرانے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منتخب ہو کر یہ مسائل حل کریں گے، پارٹی کا منشور بناتے وقت عوام کے مسائل پر خصوصی توجہ دی ہے۔
علیم خان کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کے بل اور موٹر سائیکل والوں کے لیے مہنگا پیٹرول بڑا مسئلہ ہے، ہمیں امیروں سے پیسے نکلوا کر غریبوں پر لگانا ہوں گے، ہم نئے اسپتال اور کالج بنائیں گے۔