چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اشرافیہ کی 1 ہزار 500 ارب کی سبسڈی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ملتان میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سالانہ 1500 ارب کی اشرافیہ کو سبسڈی دی جاتی ہے، ہم وہ ختم کرکے پیسہ عوام پر خرچ کریں گے۔
ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملتان کے عوام نے ثابت کردیا وہ ہمارے ساتھ ہیں، ہم مل کر معاشی اور جمہوری بحران کا مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں خطرناک صورتحال ہے، مہنگائی اور بے روزگاری تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے، دہشت گردی ایک مرتبہ پھر سر اٹھا رہی ہے۔ ہم دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے۔
چیئرمین پی پی پی نے مزید کہا کہ سیاست کو ذاتی دشمنی میں بدلنے والوں نے عوام کو تقسیم کردیا ہے، ہم ہمیشہ کے لئےنفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کردیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی صرف عوم کی طرف دیکھ رہی ہے۔ واحد سیاست دان ہوں جس نے پورے ملک میں جلسے کئے اور عوام کے پاس گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کس مشکل سے گزر رہےہیں، ان کو فکر نہیں، یہ تو معیشت کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور خوش ہیں کہ چوتھی بار وزیراعظم بن رہا ہوں۔
پیپلز پارٹی سربراہ نے کہا کہ عوام کو مشکلات سے نکالنے کےلئے 10 نکاتی معاشی ایجنڈا بنایا ہے، جس کے تحت 17 وفاقی وزارتیں بند کردوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کی سبسڈی اور وفاقی وزرارتوں کی بندش سے بچنے والی رقم سے 30لاکھ گھر بناکردوں گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خواتین کو گھر کا مالک بناؤں گا، کچی آبادیوں کو ریگولرائز کردوں گا، خواتین کی خدمت ایسے کروں گا جیسے اپنی والدہ کی کرتا تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے مزدوروں کو محنت کا صلہ دلواؤں گا، بینظیر کسان اور یوتھ کارڈز دیں گے اور بیروزگاروں کی امداد کریں گے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ لاہور سے الیکشن لڑ رہا ہوں، رائےونڈ والوں کو بتاؤں گا کہ انہوں نے کیا کیا، لاہور میں سونے کی سڑکیں اور دودھ کی نہریں نہیں بہہ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگی لاہور سے متعلق غلط تاثر دے رہے ہیں، وہاں سڑکیں ٹوٹی اور عوام مہنگائی سے تنگ ہیں، نواز لیگ نے الیکشن قریب آنے کے باوجود پارٹی منشور نہیں دیا، دراصل انہیں پتہ ہی نہیں کہ جیت کے بعد کیا کرنا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جو میں کہتا ہوں تین دن بعد وہ اعلان کر دیتے ہیں، نقل کےلئے بھی عقل کی ضرورت ہے، سی پیک کا بانی نواز شریف نہیں یہ سی پیک کا چور ہے، سی پیک صدر آصف زرداری نے شروع کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ موٹرویز بنا کر کمیشن بنا کر ایون فیلڈ بنالیتے ہیں، ایٹم بم بھٹو نے بنایا اور کہتے ہیں ہم نے بنایا۔
پی پی چیئرمین ے کہا کہ رائےونڈ والے سمجھتے ہیں وہ خود بخود الیکشن جیتیں گے، 8 فروری کو تیر کی بارش ہو گی اور شیر کا شکار کریں گے۔