ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال کی قیادت میں وفد نے سنی تحریک کے رہنما ثروت اعجاز قادری سے کراچی میں ملاقات کی۔
ثروت اعجاز قادری سے ملاقات کے بعد مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے کیخلاف الیکشن لڑنے والے ایک جگہ بات کرسکتے ہیں۔ دیکھ رہے ہیں کہاں ایک دوسرے کے ساتھ ایڈجسٹمنٹ کر سکتے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چار سال میں کوئی کام نہیں ہوا۔ آج کراچی بدترین شہروں میں چوتھے نمبر پر ہے۔ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے ناظمین انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو نون لیگ سمیت ہر جماعت کے ساتھ اچھی باتوں پر اتفاق کرنا چاہیے۔ پیپلز پارٹی کی کارکردگی اچھی ہوتی تو ایم کیو ایم ختم ہوجاتی۔
اس موقع پر گفتگو میں سنی تحریک کے رہنما ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں شہر کا امن بحال ہو۔ مصطفیٰ کمال نے رنگ و نسل سے بالا ہو کر کراچی کیلئے کام کیا۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا حیدر آباد میں این اے 219 اور 220 پر ایم کیو ایم کی حمایت کریں گے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ باقی سیٹوں پر ہماری بات جاری ہے۔