میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کراچی کے علاقے شاہراہِ نور جہاں کو شاہراہِ شیر شاہ سوری سے ملانے والی سخی حسن اسٹریٹ کی بحالی کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔
ضلع وسطی آمد کے موقع پر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ اس منصوبے میں سڑک کی بحالی، ڈرینیج نظام کی اپ گریڈیشن شامل ہے، سخی حسن اسٹریٹ پر 1 کروڑ 38 لاکھ روپے سے زائد کی لاگت سے کام شروع کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے ہیں کراچی میں کام نہیں ہوتا ان کو بتانا ہے کہ مسائل حل ہو رہے ہیں، مسائل حل کرنے کے لیے پیپلز پارٹی کے نمائندے سنجیدہ ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ سخی حسن اسٹریٹ کو جدید ڈبل کیرج وے میں تبدیل کیا جائے گا، جبکہ نکاسیٔ آب کے نظام کی بہتری سے شہریوں کو ریلیف ملے گا۔
میئر کراچی نے کہا کہ شاہراہِ نور جہاں بنانے سے کافی مسائل حل ہوئے ہیں، شیر شاہ سوری روڈ پر مسائل کے حل کے لیے کام کا آغاز کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں وزیرِ اعلیٰ سندھ شاہ فیصل کالونی گئے تھے، انہوں نے عظیم پورہ فلائی اوور کے متبادل راستے کے کام کا بھی جائزہ لیا، وزیرِ اعلیٰ نے شاہراہِ بھٹو کا بھی وزٹ کیا، میگا منصوبے کو آئندہ چند روز میں مکمل کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ نارتھ ناظم آباد کے عوام کو بتانا چاہوں گا کہ پیپلز پارٹی کام کر رہی ہے، جو کمی کوتاہی ہے اس کو دور کیا جا رہا ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ ضلع وسطی میں پانچوں ٹاؤن جماعتِ اسلامی کے ہیں، حافظ نعیم ہمارے منصوبوں کا افتتاح کر رہے ہیں، جماعتِ اسلامی کو کسی نہ کسی طرح سے اقتدار چاہیے، سیاست کرنے کے لیے زندگی پڑی ہے، ابھی ٹارگٹ شہر کی ترقی کا ہے، تنقید جس کو کرنی ہے کرے، ہماری رائے بھی سنے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمیں چیلنجز کا سامنا ہے، مسائل حل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، ہم نے ان چیلنجز کو عبور کیا اور مسائل حل کیے۔