سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ نواز شریف دو تہائی اکثریت کا مطالبہ کررہے ہیں۔
صوابی کے علاقے کامرغزم میں خطاب کے دوران اسد قیصر نے کہا کہ ن لیگ کے قائد نواز شریف کہہ رہے ہیں کہ میرا وزیراعظم بننے کا فیصلہ ہوچکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ میں معیشت کو سنبھالوں گا، پوچھتا ہوں کہ ان کی 16 ماہ کی حکومت میں ان کا وزیرخزانہ کون تھا؟
سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ اسحاق ڈار کے پاس کون سا فارمولا ہے جو وہ اب نواز شریف کی حکومت میں استعمال کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عوام کو پہلی بار صحت کارڈ کی سہولت ملی تھی وہ بھی چھین لی، ہماری حکومت آئے گی تو سب سے پہلے صحت کارڈ بحال کریں گے۔
اسد قیصر نے کہا کہ کہتے ہیں کہ یہ آزاد اُمیدوار ہیں یہ میرے ساتھ آئیں گے، یہ آزاد اُمیدوار نہیں تحریک انصاف کے کارکن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حلف لیا ہے کہ وہی کریں گے جو بانی پی ٹی آئی کہیں گے، خیبر پختونخوا اور مرکز میں ہماری حکومت بنے گی۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ انہوں نے ہماری پارٹی کےنام سے ایک پارٹی بنائی ہوئی ہے، نوشہرہ کے عوام اس کو بھرپور شکست دیں گے۔