• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز لیگ کا منشور ان کے بجٹ کی طرح بوگس ہے، مزمل اسلم

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے فوکل پرسن برائے معیشت مزمل اسلم نے مسلم لیگ(ن) کے منشور کو بجٹ کی طرح بوگس قرار دیا ہے۔

ایک بیان میں مزمل اسلم نے ن لیگ کے منشور پر ردعمل دیا اور کہا کہ نواز لیگ کا منشور ان کے بجٹ کی طرح بوگس ہے۔

انہوں نے کہا کہ میٹرو بس قرض لے کر بنائی اور 10 سال سے خسارے کا شکار ہے، یہی کہانی موٹرویز کی ہے جو قرض لے کر بنائے گئے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ نون لیگ نے پاکستان ریلوے کا نظام برباد کیا، سب سے زیادہ مہنگی بجلی کے منصوبے لگانے والی بھی یہی جماعت ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ قرض لینے والی جماعت ن لیگ ہے، عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے اب تک 23 پروگرام لیے گئے، جن میں ن لیگ دوسرے نمبر پر ہے۔

مزمل اسلم نے یہ بھی کہا کہ آخری آئی ایم ایف پروگرام میں ن لیگ ملک کو دیوالیہ پن پر لے گئی، ان ہی کے دور حکومت میں پاکستان فیٹف گرے لسٹ میں شامل ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے سب سے زیادہ شرح سود اور بدترین مہنگائی سے دوچار کیا۔

مزمل اسلم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے صدی کے سب بڑے کورونا جیسے بحران سے ڈٹ کا مقابلہ کیا اور ملک میں صحت کارڈ متعارف کروایا جبکہ احساس پروگرام 3 گنا تک بڑھایا۔

قومی خبریں سے مزید